بلوچستان کے ضلع خاران میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے خلاف ایک کامیاب اور بروقت آپریشن کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دہشتگردوں کو نشانہ بنا کر صفایا کر دیا۔ یہ کارروائی آج صبح الرٹ کوئیک رسپانس یونٹ (کیو آر ایف) نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر انجام دی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگرد خاران شہر میں اپنی موجودگی چھپاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم فورسز کی فوری اور مؤثر کارروائی کے باعث وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے۔ آپریشن کے دوران علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد علاقے کی تفصیلی تلاشی لی گئی، جس دوران اسی مقام سے ایک آئی ای ڈی (بارودی مواد) بھی برآمد ہوئی، جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت ناکارہ بنا دیا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق اگر یہ IED بروقت برآمد نہ ہوتی تو کسی بڑے جانی نقصان کا خدشہ تھا۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشتگرد عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ فورسز نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مقامی شہریوں نے سیکیورٹی فورسز کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ فورسز کی بروقت کارروائی سے خاران میں ایک بڑے خطرے کو ٹال دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تیز کر دیے ہیں تاکہ دہشتگرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔





