علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

علیمہ خان کے خلاف انسداد دہشت گردی عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے تھانہ صادق آباد میں 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے کیس میں ملزمہ علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں، اور حکم دیا ہے کہ علیمہ خان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے واضح کیا کہ ملزمہ جب تک پیش نہیں ہوں گی، ان کے بینک اکاؤنٹس اور شناختی کارڈ بلاک رہیں گے۔

علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ علیمہ خان عدالت میں پیش نہیں ہوں گی جب تک ان کے اکاؤنٹس اور شناختی کارڈ ڈی فریز نہ کیے جائیں۔

اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ عدالت کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتی اور نہ ہی عدالت کو ہائی جیک کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمے کا ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چلایا جائے گا اور علیمہ خان کا شروع دن سے رویہ غیر ذمہ دارانہ رہا ہے۔ “اگر ملزمہ عدالت پیش نہیں ہوں گی تو بینک اکاؤنٹ یا شناختی کارڈ کیسے ڈی فریز ہوں گے؟” انہوں نے استفسار کیا۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد علیمہ خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کر دی اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے ایس پی راول کو ہدایت دی کہ علیمہ خان کو گرفتار کرکے کل تک عدالت میں پیش کیا جائے۔

مزید برآں، عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کیے اور مقدمے کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ استغاثہ کے گواہ عدالت میں موجود تھے اور مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔

ذرائع کے مطابق، علیمہ خان کے خلاف مقدمے میں مجموعی طور پر 10 گواہان پر جرح مکمل ہو چکی ہے، اور آج جرح کے لیے مزید گواہان کو طلب کیا گیا تھا۔

Scroll to Top