کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر کسی نے زبردستی شاہراہیں یا دکانیں بند کرانے کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔
سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضیا لنجار نے کہا کہ شاہراہیں بند کرنا کسی کا آئینی حق نہیں اور ایسی کسی بھی کوشش کو قانون کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی روزمرہ زندگی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وزیر داخلہ سندھ نے جماعت اسلامی کے حالیہ احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شارع فیصل بند کرنا صریحاً قانون شکنی ہے اور اس مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل ہونی چاہئیں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایسے مقدمات میں دہشتگردی کی دفعات شامل کی جائیں تو آئندہ کسی کو سڑک بند کرنے کی جرات نہیں ہوگی۔
ضیا لنجار نے بتایا کہ انہوں نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کو پیغام بھیج دیا ہے کہ سندھ اسمبلی کی سڑک بند نہ کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا ہے تو سروس روڈ پر کیا جائے یا پریس کلب کے سامنے کیا جائے، مرکزی شاہراہوں پر دھرنوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات یقینی، وقت اور جگہ ابھی طے نہیں، رانا ثنا
وزیر داخلہ سندھ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور کسی بھی سیاسی جماعت کو عوام کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے 14 فروری کو کراچی میں دھرنے کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے پیش نظر سیکیورٹی ادارے بھی الرٹ ہیں۔





