یوم یکجہتی کشمیر : مسلح افواجِ پاکستان کا کشمیری عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اعلان

راولپنڈی: کشمیر سالیڈیریٹی ڈے کے موقع پر مسلح افواجِ پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف چیف آف نیول اسٹاف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو چیف آف ایئر اسٹاف نے مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے مشترکہ پیغام جاری کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج، بھارتی غیرقانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں۔

مسلح افواج نے مقبوضہ کشمیر میں جاری سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی، جن میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، بلاجواز گرفتاریاں اور خطے کے آبادیاتی و سیاسی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارت بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کو کھلم کھلا نظر انداز کر رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ اور پُرامن حل، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق، جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کو شہر بند کرنے نہیں دیں گے، زبردستی شٹر ڈاؤن پر کارروائی ہوگی، وزیر داخلہ سندھ

عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیری عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے ٹھوس اور بامعنی اقدامات کرے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ مسلح افواجِ پاکستان ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آزادی اور وقار کی جدوجہد میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی رہیں گی۔

پاکستان زندہ باد! کشمیر زندہ باد!

Scroll to Top