کیا نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ عید پر عوام کیلئے دستیاب ہوں گے؟گورنراسٹیٹ بینک کا اہم بیان

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے اعلان کیا ہے کہ نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹ عید کے موقع پر عوام کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی مہنگائی قابو میں ہے اور مالیاتی شعبہ مستحکم ہے۔

جمیل احمد نے بتایا کہ مرکزی بینک کی توجہ معیشت کی ترقی اور نمو کو فروغ دینے پر مرکوز ہے، اور یہ پیشرفت آئندہ دو سالوں تک مستقل طور پر جاری رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ مالی سال میں 10.5 ارب ڈالرز کی ادائیگیوں میں سے 6 ارب ڈالرز مکمل ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پروگرام کے تحت ستمبر 2027 تک ڈپازٹس کے رول اوور کا انتظام بھی شامل ہے۔

گورنر نے کہا کہ نان فوڈ ایکسپورٹس میں 5 سے 6 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ چاول کی برآمدات میں کمی آئی ہے مگر آئندہ بہتر متوقع ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس مالی سال میں ترسیلات زر کی مجموعی رقم 42 ارب ڈالرز سے تجاوز کر جائے گی۔

جمیل احمد نے واضح کیا کہ نئے کرنسی نوٹ وفاقی کابینہ کی منظوری، پرنٹنگ اور مناسب اسٹاک کی دستیابی کے بعد ہی عوام کے لیے جاری کیے جائیں گے اس لیے عید پر یہ دستیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے نوٹ کے سیکیورٹی فیچرز جدید ترین ہیں اور عام شہری آسانی سے اصلی اور جعلی نوٹ میں فرق پہچان سکیں گے۔

Scroll to Top