پشاور: پشاور میں پولیس نے افسرانِ بالا کی خصوصی ہدایات پر ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں تھانہ ارمڑ پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے اپنے ہی شادی کی تقریب میں غیر قانونی فائرنگ کرنے والے دلہا کو موقع پر گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ڈی ایس پی رحمان بابا سرکل محمد علی خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ ارمڑ خالد آفریدی اور انچارج چوکی شمشتو خان نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ اوچ نہر میں یہ کارروائی کی۔ گرفتار ملزم کی شناخت یاسین ولد عنایت اللہ سکنہ اوچ نہر کے طور پر کی گئی ہے۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ پستول بھی برآمد کیا گیا ہے، اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں سے نہ صرف عوام کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے بلکہ قانون کی خلاف ورزی بھی ہوتی ہے۔
کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ہوائی فائرنگ ایک جان لیوا اور سنگین جرم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حج 2026 کے لیے بائیومیٹرک کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع، نئی تاریخ مقرر
پولیس نے کہا کہ اگر شہری کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا ہوائی فائرنگ کی اطلاع دیں تو قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ شہر میں اس قسم کی کارروائیاں روکنے کے لیے تمام تھانوں میں کریک ڈاؤن جاری ہے اور عوام کو ہر صورت قانون کی پاسداری کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔





