پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا 15 فروری 2026 کو کولمبو کے پریماداسا سٹیڈیم میں شیڈول ہے اور شائقین میں میچ کے لیے بے پناہ جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کو پاک بھارت میچ کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد ٹکٹس کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں حالانکہ سٹیڈیم کی گنجائش صرف 35 ہزار تماشائیوں کی ہے، اس وجہ سے ٹکٹس پہلے ہی مکمل طور پر فروخت ہو چکی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی وولٹیج میچ کی ٹکٹس بلیک مارکیٹ میں فروخت ہونے کا بھی خدشہ ہے، گزشتہ دنوں میچ بائیکاٹ کی افواہوں کی وجہ سے کچھ ٹکٹس منسوخ کی گئیں تھیں تاہم یہ ٹکٹس فوری طور پر دوبارہ فروخت ہو گئی ہیں اور بڑی تعداد میں سری لنکن شائقین نے انہیں حاصل کر لیا ہے۔
یہ میچ نہ صرف کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان روایتی حریفانہ جوش و خروش کی عکاسی بھی کرے گا، جس کی وجہ سے عالمی شائقین میں بھی دلچسپی عروج پر ہے۔
یاد رہے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں گروپ اے کا اہم میچ 15 فروری بروز اتوار کو کولمبو میں پاکستان اور بھارت کے مابین شیڈول ہے۔
پاکستان گروپ اے میں چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، گرین شرٹس نے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔





