بنگلا دیش میں حلف برداری: پاکستان کی نمائندگی احسن اقبال کریں گے

ڈھاکا: بنگلا دیش کے نو منتخب وزیراعظم طارق رحمان کی حلف برداری کی تقریب 17 فروری کو منعقد ہوگی، جس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر احسن اقبال کریں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف بیرون ملک دورے کے باعث تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے، جس کے بعد حکومتِ پاکستان کی جانب سے احسن اقبال کو باضابطہ طور پر نمائندگی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کے نئے وزیراعظم اور نومنتخب ارکانِ پارلیمنٹ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے مختلف ممالک کے سربراہان اور نمائندگان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

جن ممالک کو دعوت دی گئی ہے ان میں چین، سعودی عرب، بھارت، ترکیے، متحدہ عرب امارات، قطر، ملائیشیا، برونائی، سری لنکا اور نیپال شامل ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن بنگلا دیش کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نتائج کے مطابق 299 نشستوں پر ہونے والے عام انتخابات میں بنگلا دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) نے 209 نشستیں حاصل کر کے واضح برتری حاصل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا، عمران خان کی صحت سے متعلق بڑا فیصلہ

جماعتِ اسلامی 68 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، جبکہ طلبہ کی جماعت نیشنل سٹیزنز پارٹی (این سی پی) نے 6 نشستیں حاصل کی ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق نئی حکومت کی تشکیل کے بعد بنگلا دیش کی داخلی اور خارجی پالیسیوں میں اہم تبدیلیوں کا امکان ہے، جبکہ خطے کے دیگر ممالک کی نظریں بھی نئی قیادت کی پالیسی سمت پر مرکوز ہیں۔

Scroll to Top