چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح کیا ہے کہ عمران خان کے معائنے کے حوالے سے جیل سپرنٹنڈنٹ یا انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کا رابطہ نہیں کیا گیا۔
ایک بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فیملی ممبران اور ذاتی معالجین کی میڈیکل بورڈ کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کروانے کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری شروع سے یہی درخواست رہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے معائنے میں ان کے ذاتی معالجین کو بھی شامل کیا جائے اور کسی فیملی ممبر کو دوران معائنہ وہاں موجود ہونا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ اور اپوزیشن اتحاد کا موقف بھی یہی ہے کہ عمران خان کو جلد از جلد الشفا ہسپتال منتقل کیا جائے تاکہ ان کے ذاتی معالجین کے ہمراہ مکمل معائنہ کیا جا سکے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش بڑھتی جا رہی ہے، اور سیاسی حلقوں میں ان کے معائنے اور علاج کے بارے میں سوالات زور پکڑ رہے ہیں۔





