باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، خوارج کا بزدلانہ حملہ ناکام، 12 دہشت گرد ہلاک

باجوڑ: خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے ملنگی پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خودکش حملے کو ناکام بنا دیا۔

اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے دھماکا خیز مواد سے لدی گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں حملہ ناکام ہوا اور علاقے میں پائیدار امن قائم رہا۔

اس کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو بھرپور جواب دیا جس کے نتیجے میں 12 خوارج ہلاک ہوئے۔ فورسز کے تین جوان بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ چھے دیگر جوان زخمی ہوئے اور فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ حملے کے دوران دو بچے بھی شہید ہوئے اور دو بچے اور ایک خاتون سمیت درجنوں سویلین افراد شدید زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد عناصر باجوڑ کے امن پسند عوام کو نشانہ بنانا اور علاقے میں دہشت گردی کی فضا قائم کرنا چاہتے تھے، لیکن فورسز کی پیشہ ورانہ کارروائی نے ان کے منصوبے ناکام بنا دیے۔

حفاظتی اقدامات اور فوری ردعمل کی بدولت جانی نقصان کم سے کم ہوا، اور علاقے میں کلیئرنس آپریشن کے ذریعے ممکنہ خطرات کو ختم کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے اس حملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ عناصر نہ صرف بچوں اور خواتین کو بلا تفریق نشانہ بنا رہے ہیں بلکہ اپنے بزدلانہ اور غیر انسانی اقدامات کے ذریعے معاشرتی امن کو بھی خراب کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شانگلہ: سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس اور ضلعی پولیس کا مشترکہ ٹارگٹڈ کامیاب آپریشن، تین دہشت گرد ہلاک، تین جوان شہید

سیکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ خوارج مسلمان نہیں بلکہ انتہا پسند اور جھنم کے وارث ہیں، جنہیں نیشنل ایکشن پلان کے تحت چن چن کر مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔

حکام نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز ہر ممکن اقدامات کریں گی تاکہ باجوڑ میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔

اس کارروائی سے باجوڑ کے عوام کو یہ پیغام ملا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نہ صرف دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنا رہی ہیں بلکہ علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر وقت چوکس ہیں۔

Scroll to Top