عمران خان کی صحت بہتر، پی ٹی آئی کے پاس وکٹم کارڈ کے علاوہ کچھ نہیں، طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی تازہ طبی رپورٹ سامنے آ چکی ہے اور اس میں ان کی صحت تسلی بخش قرار دی گئی ہے، جس پر مخالفین کو شاید مایوسی ہوئی ہو۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے اپوزیشن لیڈر تبدیل کر چکی ہے اور وزیر اعلیٰ بھی بدل کر دیکھ لیا، لیکن اب ان کے پاس سیاسی طور پر بیانیہ بنانے کے لیے “مظلومیت کارڈ” کے سوا کچھ باقی نہیں رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی زیر علاج شخص کے بارے میں یہ فیصلہ کہ اسے کہاں رکھا جائے، کون سی دوا دی جائے اور علاج کا طریقہ کیا ہو، یہ مکمل طور پر معالجین کی صوابدید ہے۔ نہ مریض خود، نہ اس کا وکیل اور نہ ہی اس کی جماعت اس حوالے سے حتمی فیصلہ کر سکتی ہے۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کی بینائی کے حوالے سے بھی رپورٹس حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چالیس برس بعد بھی اتنی بہتر نظر کم ہی لوگوں کی ہوتی ہے۔

ان کے بقول اس معاملے میں سپریم کورٹ آف پاکستان اور سینئر ڈاکٹرز کی نگرانی شامل ہے، اس لیے کسی قسم کے شکوک کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔

موٹر وے کی بندش سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس بارے میں خیبر پختونخوا حکومت جواب دے کہ عوام کو مشکلات میں کیوں ڈالا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی مکمل طورپر ناکام ہوچکی،ناکامی میں ہم سب شامل ہیں،سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پورکا عتراف

انہوں نے تقابل کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے جب سیاسی تحریک شروع کی تو وہ سڑکوں پر نکلے تھے، نہ کہ ائیر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر۔

طلال چوہدری نے تنقیدی انداز میں کہا کہ موجودہ احتجاج کرنے والے آرام دہ کمروں میں بیٹھ کر دعوے کر رہے ہیں اور اگر اسی طرح انقلاب لانا ہے تو حکومت مزید پراٹھے بھجوانے کے لیے بھی تیار ہے۔

Scroll to Top