دنیا کے سابق کرکٹ کپتانوں نے عمران خان کے لیے این آر او مانگ لیا، حکومت سے فوری طبی سہولیات کی اپیل
دنیا کے 14 ممتاز سابق بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں نے پاکستان کے سابق وزیراعظم اور سابق کرکٹ ٹیم کے کپتان عمران خان کی صحت اور قید کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے ان کے لیے ’این آر او‘ اور فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
17 فروری 2026 کو جاری کردہ بیان میں دستخط کنندگان نے کہا کہ انہیں عمران خان کی بگڑتی ہوئی صحت، خاص طور پر حراست کے دوران بینائی میں نمایاں کمی کی اطلاعات اور گزشتہ ڈھائی سال سے قید کے حالات پر شدید تشویش ہے۔
سابق کپتانوں نے عالمی کرکٹ میں عمران خان کے مقام کو اجاگر کرتے ہوئے یاد دلایا کہ انہوں نے 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کو تاریخی فتح دلائی، جو مہارت، حوصلے، قیادت اور کھیل کے جذبے پر مبنی تھی۔ بیان میں کہا گیا کہ دستخط کنندگان میں سے کئی نے عمران خان کے خلاف کرکٹ کھیلی، ان کے ساتھ میدان میں کھیل کا تجربہ حاصل کیا یا ان کی آل راؤنڈر صلاحیت اور قائدانہ کردار سے متاثر ہو کر بڑے ہوئے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ کرکٹ سے ہٹ کر عمران خان کی بطور وزیراعظم خدمات بھی یاد رکھی جائیں، کیونکہ سیاسی اختلافات کے باوجود وہ جمہوری طور پر منتخب ہو کر ملک کے اعلیٰ ترین منصب تک پہنچے۔
سابق کپتانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو:
فوری اور مسلسل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
اپنے منتخب کردہ ماہر ڈاکٹروں سے علاج کی اجازت دی جائے۔
حراست کے دوران انسانی وقار کے مطابق سہولیات مہیا کی جائیں۔
اہل خانہ سے باقاعدہ ملاقات کی اجازت دی جائے۔
قانونی عمل تک شفاف اور بلا تاخیر رسائی حاصل ہو۔
بیان میں زور دیا گیا کہ کرکٹ طویل عرصے سے قوموں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے، اور میدان میں مقابلہ ختم ہونے کے بعد بھی احترام باقی رہتا ہے۔ عمران خان نے اپنے کیریئر میں اسی جذبے کی نمائندگی کی، اور اب حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ شائستگی اور انصاف کے اصولوں کو برقرار رکھیں۔
اس اپیل پر دستخط کرنے والے سابق کرکٹ کپتانوں میں مائیکل ایتھرٹن، ایلن بارڈر، مائیکل بریئرلی، گریگ چیپل، ایان چیپل، بیلنڈا کلارک، پدما بھوشن، سنیل گواسکر، ڈیوڈ گوو، کم ہیوز، ناصر حسین، سر کلائیو لائیڈ، کپل دیو، اسٹیفن وا، جان رائٹ شامل ہیں۔





