تحریک انصاف کا دھرنا، پشاور ہائیکورٹ کا خیبر پختونخوا میں تمام بند راستے اور سڑکیں کھولنے کا حکم

تحریک انصاف کا دھرنا، پشاور ہائیکورٹ کا خیبر پختونخوا میں تمام بند راستے اور سڑکیں کھولنے کا حکم

پشاور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ: چیف سیکرٹری اور آئی جی کو فوری سڑکیں کھولنے کا حکم

تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جاری احتجاج اور سڑکوں کی بندش کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا پولیس کو فوری طور پر شہر کی بند شاہراہیں کھولنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ کل تک سڑکیں کھولنے اور عملدرآمد کی تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں۔

یہ رٹ پٹیشن معروف وکیل طارق افغان کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ عوامی راستوں کی بندش سے شہریوں کو درپیش مشکلات فوری طور پر ختم کی جائیں۔

عدالت کا سخت ردعمل سماعت کے دوران جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ عوام کی سہولت اور جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا’’آج سے ہی سڑکیں کھولی جائیں۔ لوگ مشکلات کا شکار ہیں اور بعض مقامات پر جانیں بھی ضائع ہو رہی ہیں، مگر انتظامیہ کو یہ مسئلہ نظر نہیں آ رہا۔ پورا پاکستان کھلا ہے لیکن صرف اپنا صوبہ بند کیا گیا ہے۔‘‘

عدالت کے حکم کے بعد آئی جی پولیس نے یقین دہانی کرائی کہ سڑکیں آج ہی کھول دی جائیں گی تاکہ شہریوں اور مسافروں کو درپیش مشکلات کم سے کم ہوں۔

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کے احتجاجات اور دھرنوں کی وجہ سے کئی اہم داخلی و خارجی راستے بند ہو گئے تھے، جس کے باعث عام شہری، کاروباری افراد اور مسافر شدید مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔ عدالتی حکم کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ شہریوں کی روزمرہ زندگی معمول پر واپس آئے گی اور شہر میں ٹریفک کی روانی بحال ہوگی۔

Scroll to Top