پشاور میں دفعہ 144 نافذ، ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی پر دو ماہ کی پابندی عائد ۔
پشاور میں شہریوں اور ہوائی ٹریفک کی حفاظت کے لیے ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس کے تحت ایئر پورٹ کے اردگرد علاقوں میں پتنگ بازی، کبوتر بازی، ڈرون اڑانے اور ہوائی جہازوں کے لیے نقصان دہ لیزر بیم کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پشاور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ پابندی پشتہ خرہ، گلبرگ، سواتی پھاٹک، لنڈی اخون محمد، یونیورسٹی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں پر لاگو ہوگی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پابندی دو ماہ تک برقرار رہے گی تاکہ فضائی حادثات سے بچا جا سکے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے پر عمل درآمد میں تعاون کریں۔
ضلع پشاور کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خاص طور پر پشاور ایئر پورٹ کے قریب فلائیٹ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ شہریوں اور ہوائی ٹریفک دونوں کو خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔





