پاکستان افغانستان میں فضائی کارروائی سے نہیں ہچکچائے گا، وزیر دفاع خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو پاکستان افغانستان میں فضائی کارروائی کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والے حالیہ حملے دراصل ایک پراکسی جنگ کا حصہ ہیں جس میں افغان طالبان اور بھارت ملوث ہیں۔

خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ نئی دہلی، کابل اور مختلف دہشت گرد تنظیمیں پاکستان میں بدامنی پھیلانے میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی اور داعش سمیت تمام بڑی دہشت گرد تنظیمیں افغانستان میں موجود ہیں اور وہاں سے کارروائیاں کر رہی ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف حملے کابل حکومت کی مرضی یا معاونت کے بغیر ممکن نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ضروری اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

خواجہ آصف نے یہ بھی خبردار کیا کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی بدستور موجود ہے اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے امکانات کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال حساس ہے اور پاکستان کو دفاعی طور پر ہر وقت تیار رہنا ہوگا۔

Scroll to Top