پیٹرولیم کے بعد بجلی مہنگی ہونے کا امکان

اسلام آباد : پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں میں اضافے کے بعد بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بھی اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

اس سلسلے میں سی پی پی اے (پاکستان سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی) کی جانب سے جنوری 2026 کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست نیپرا (نیشنل الیکٹریکل پاور ریگولیٹری اتھارٹی) میں دائر کی گئی ہے۔

نیپرا 26 فروری کو اس درخواست پر سماعت کرے گا، جس میں سی پی پی اے نے جنوری میں پیدا ہونے والی بجلی اور بجلی کمپنیوں کو فراہم کی گئی مقدار کے اعداد و شمار بھی جمع کرائے ہیں۔

سی پی پی اے کے مطابق فروری میں 9 ارب 14 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جبکہ بجلی کمپنیوں کو 8 ارب 76 کروڑ 20 لاکھ یونٹس فراہم کی گئیں۔

جنوری 2026 میں بجلی کی فی یونٹ لاگت 12 روپے 17 پیسے رہی، جبکہ اس ماہ کے لیے ریفرس لاگت 10 روپے 39 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔

اس فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے سی پی پی اے نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 78 پیسے اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دبئی میں رمضان کے موقع پر 1856 قیدیوں کو معاف کرنے کا اعلان

ماہرین کے مطابق اگر نیپرا اس درخواست کو منظور کرتا ہے تو صارفین کو ماہانہ بجلی کے بل میں اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے پہلے ہی صارفین کی جیب پر اثر ڈالا ہے، اور بجلی کی قیمت میں اضافہ مزید بوجھ ڈال سکتا ہے۔

نیپرا کی سماعت کے بعد ہی واضح ہوگا کہ بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ نافذ ہوگا یا نہیں۔ صارفین اور بجلی کے استعمال کنندگان حکومت کی جانب سے اس معاملے کے حتمی فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔

Scroll to Top