سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نیا عبوری صدرمقرر

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) میں ایڈہاک سیٹ اپ نافذ کرتے ہوئے سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کو عبوری طور پر فیڈریشن کا صدر مقرر کر دیا ہے۔

گزشتہ دنوں قومی ہاکی ٹیم سے متعلق بدانتظامی کے الزامات سامنے آئے تھے۔ کھلاڑیوں کی جانب سے ٹیم مینجمنٹ پر سنگین نوعیت کے اعتراضات اٹھائے گئے، تاہم مینجمنٹ نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم کو معاملے سے آگاہ کیا گیا، جس کے بعد اس وقت کے صدر طارق بگٹی نے کپتان عماد بٹ پر مینجمنٹ اور فیڈریشن کے خلاف الزامات عائد کرنے پر دو سال کی پابندی لگانے کا اعلان کیا اور بعد ازاں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

وزیراعظم نے طارق بگٹی کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کو ایڈہاک بنیادوں پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سربراہی سونپ دی۔

Scroll to Top