غزہ امن بورڈ کا پہلا اور تاریخی افتتاحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔
اجلاس کے اختتام پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان غیر رسمی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر امریکی صدر کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے غیر معمولی گرمجوشی کا اظہار کیا گیا۔
قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے خطاب میں غزہ امن بورڈ کے قیام کو مشرقِ وسطیٰ میں امن کے حوالے سے ایک سنہری باب قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس بورڈ کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کرنا ان کے لیے باعثِ افتخار ہے اور غزہ میں پائیدار امن کا قیام اب ہمارا مشن بن چکا ہے۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ عالمی برادری اس مقدس مقصد میں کامیاب ہو، تاہم انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ جب تک ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست قائم نہیں ہو جاتی، مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کا خواب ادھورا رہے گا۔
اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے عالمی تنازعات کے حل میں صدر ٹرمپ کے ماضی کے کردار کو بھی بھرپور طریقے سے سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی بروقت مداخلت کی بدولت پاک بھارت جنگ کا خطرہ ٹلا اور ہزاروں قیمتی جانیں بچیں، جس سے جنوبی ایشیا ایک بڑی تباہی سے محفوظ رہا۔





