مہوش قماس خان
واشنگٹن: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے واشنگٹن سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ بورڈ آف پیس کے اجلاس میں پاکستان کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کی تعریف کی۔
وزیر اطلاعات کے مطابق امریکی صدر نے عالمی امن میں پاکستان کے کردار کو سراہا، جس سے پاکستان کا عالمی وقار مزید بڑھا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ فخر کا مقام ہے کہ پاکستان کی قیادت کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک اہم اور مؤثر پلیئر کے طور پر ابھر رہا ہے اور یہ خارجہ پالیسی کی کامیابی کا مظہر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کلیدی کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آج عالمی سطح پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے اور وزیراعظم نے فلسطینی عوام کا مقدمہ بین الاقوامی فورمز پر بھرپور انداز میں پیش کیا، جسے قابل تحسین قرار دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ، ایس سی او اور دیگر فورمز پر فلسطینی عوام کے حقوق کی آواز بلند کی اور واضح موقف اختیار کیا کہ فلسطینی سرزمین پر حق فلسطینیوں کا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے یاد دہانی کروائی کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کو حق خودارادیت حاصل ہونا چاہیے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اب نوکری کی تلاش آسان، خصوصی افراد کیلئے حکومت کا بڑا اعلان
انہوں نے کہا کہ یہ نکات فلسطینی عوام کی دل کی آواز ہیں اور ہر مسلمان کے لیے باعث اعزاز ہیں کہ پاکستان کی قیادت نے ان کی ترجمانی کی۔
اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں کی باڈی لینگویج باہمی اعتماد اور گرمجوشی کی عکاس تھی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ تمام پیشرفت پاکستان کے عالمی سطح پر مقام میں اضافے کی علامت ہے۔ ایک وقت تھا جب پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار تھا، لیکن موجودہ قیادت کی موثر حکمت عملی کی بدولت آج پاکستان عالمی مسائل پر اہم اور نمایاں کردار کے ساتھ سامنے آیا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ جب قیادت ایماندار ہو اور قومی مفاد کو مقدم رکھے تو نتائج ہمیشہ مثبت نکلتے ہیں، اور موجودہ قیادت نے یہی کامیابی بین الاقوامی سطح پر حاصل کی ہے۔





