گورنر خیبر پختونخوا کا نوجوان کھلاڑیوں کے نام پیغام، خوشحال ریاض خان کو خصوصی ایوارڈ سے نواز دیا

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی صحت مند سرگرمیاں نوجوانوں کی بہترین تربیت اور متوازن نشوونما کے لیے ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل سکواش پلیئر خوشحال ریاض خان کو ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ایوارڈ پیش کرتے ہوئے کیا۔

یہ ایوارڈ اُن کھلاڑیوں کے اعزاز میں دیا گیا جو خیبر پختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ اعزازی تقریب ماہ نومبر میں منعقد ہوئی تھی، تاہم نیشنل گیمز کی تیاری کے سلسلے میں تربیتی کیمپ میں مصروفیت کے باعث خوشحال ریاض خان تقریب میں شرکت نہ کر سکے تھے۔ انہوں نے آج گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر سے ملاقات کے دوران اپنا ایوارڈ وصول کیا۔

خوشحال ریاض خان، سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طالب علم ہیں اور متعدد بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

وہ برٹش جونیئر اوپن، یو ایس جونیئر اوپن، کینیڈین جونیئر اوپن، جاپان جونیئر اوپن اور قطر جونیئر اوپن سمیت اہم عالمی چیمپیئن شپ میں حصہ لے کر نمایاں کارکردگی دکھا چکے ہیں۔

وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی سکواش ٹیم کے کپتان بھی ہیں اور نیشنل گیمز کوئٹہ میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر چکے ہیں، جو ان کی مسلسل محنت اور عزم کا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آئی ایم ایف کا پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف

تقریب کے موقع پر سرحد یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم الرحمان اور سپورٹس ڈائریکٹر پروفیسر فرید عثمان بھی موجود تھے۔

وائس چانسلر نے گورنر کو یونیورسٹی کی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں، خصوصاً سپورٹس سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے تحت کھیلوں کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا کی دیگر جامعات بھی طلبہ کو کھیلوں کی معیاری سہولیات فراہم کرنے میں فعال کردار ادا کریں گی۔

آخر میں گورنر نے خوشحال ریاض خان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے باصلاحیت نوجوان صوبے اور ملک کا فخر ہیں اور ان کی کامیابیاں قومی سطح پر مثبت تشخص کو اجاگر کرتی ہیں۔

Scroll to Top