بقایا جات کی عدم ادائیگی کے باعث بنگلا دیش نے بھارتی نجی ایئر لائن اسپائس جیٹ کا اپنی فضائی حدود میں داخلہ بند کر دیا ہے۔
بنگلا دیش کے اخبار ڈیلی سن کے مطابق اس پابندی کے نتیجے میں کولکتہ سے گوہاٹی اور ایمفال جانے والی پروازیں طویل متبادل راستے اختیار کرنے پر مجبور ہو گئی ہیں، جس کے باعث پروازوں کے دورانیے میں اضافہ اور ایندھن کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
بھارتی اخبار دی اکنامک ٹائمز کے مطابق اسپائس جیٹ کو گزشتہ سہ ماہی میں 269 کروڑ روپے سے زائد کا مالی نقصان اٹھانا پڑا، اور مبصرین کا کہنا ہے کہ فضائی حدود کی بندش سے ایئر لائن کی مالی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مختلف محاذوں پر دباؤ کے بعد بھارتی ایوی ایشن انڈسٹری تنزلی کا شکار ہے، جبکہ بنگلا دیش کی جانب سے فضائی حدود کی بندش بھارت کے خلاف سخت اور خودمختار موقف کی عکاس قرار دی جا رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر بقایا جات کی ادائیگی نہ کی گئی تو بھارتی ایئر لائنز کو مزید مالی اور عملی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اور یہ واقعہ خطے میں فضائی سفر کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر رہا ہے۔





