وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی حیات و خدمات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے تاریخی ویب سیریز تیار کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔
احسن اقبال کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں نامور پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اور میڈیا ہاؤسز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال کی 150 ویں سالگرہ محض رسمی تقریبات تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اسے قومی شعور کی بیداری اور فکری احیاء کا ذریعہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ دورِ حاضر میں ڈیجیٹل اسٹوری ٹیلنگ قوم سازی کا سب سے مؤثر ہتھیار ہےجس کے ذریعے نوجوان نسل کو قیامِ پاکستان کے نظریاتی سفر اور آئین پسندی کی اہمیت سے روشناس کرایا جا سکتا ہے۔
احسن اقبال نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت اس عالمی معیار کی پروڈکشن کے لیے 50 کروڑ روپے کی ابتدائی رقم (سیڈ فنڈنگ) فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ مصنفین اور محققین کے لیے خصوصی ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی تاکہ سیریز کے مواد میں تاریخی صداقت اور فکری گہرائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : زبانیں صرف ثقافتی ورثہ نہیں بلکہ سیاسی شعور، تاریخی تسلسل اور قومی خودمختاری کی اساس ہوتی ہیں،ایمل ولی خان
ان کا کہنا تھا کہ تاریخی ڈرامے کسی بھی ملک کی سافٹ پاور اور ثقافتی سفارتکاری کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں اور پاکستان اس تخلیقی صنعت کے ذریعے اپنی مثبت عالمی شناخت کو مزید مستحکم کرے گا۔
اجلاس کے شرکاء نے قومی تاریخ کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی حکمت عملی پر اتفاق کیا اور پاکستان کے اپنے او ٹی ٹی (OTT) پلیٹ فارم کی ضرورت پر بھی غور کیا۔
وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی ہیروز کے افکار کو جدید اور متاثر کن انداز میں پیش کر کے پاکستان کی نظریاتی اساس کو مضبوط کیا جائے گا تاکہ ہمارا فکری ورثہ پوری دنیا کے سامنے مؤثر طریقے سے آسکے۔





