کم آمدنی والوں کے لیے خوشخبری: بجلی اور گیس کے بلوں میں ریلیف

اسلام آباد: پاکستان میں بجلی اور گیس کے بڑھتے ہوئے بل کئی خاندانوں کے لیے مسلسل پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔

ایسے لوگ جن کی آمدنی محدود ہے، اکثر اپنے یوٹیلٹی بلز کی مد میں اتنی رقم خرچ کر دیتے ہیں کہ روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ تاہم اب وفاقی حکومت نے ایسے صارفین کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی تیاری شروع کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت بجلی اور گیس کے نرخوں کے نظام میں بنیادی اصلاحات کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ موجودہ طریقہ کار کے تحت صارفین کو صرف استعمال شدہ یونٹس کی بنیاد پر بل دیا جاتا ہے، لیکن نئی تجویز کے مطابق قیمتیں خاندان کی آمدنی کے حساب سے مقرر کی جائیں گی۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ کم آمدنی والے گھرانے اپنی استطاعت کے مطابق سبسڈی حاصل کریں گے، جبکہ زیادہ آمدنی والے صارفین توانائی کی اصل قیمت کے مطابق ادائیگی کریں گے۔

تجویز کردہ نظام میں سبسڈی کی تقسیم براہِ راست گھرانوں کی آمدنی سے منسلک ہوگی، نہ کہ صرف استعمال شدہ یونٹس کی تعداد سے۔

اس کا مقصد یہ ہے کہ مالی معاونت صرف ان افراد تک محدود رہے جو واقعی مستحق ہیں، اور زیادہ آمدنی والے گھرانوں پر کوئی غیر ضروری سبسڈی نہ دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی فورسز کی کامیاب کارروائی، غنی خیل کے دہشت گرد ٹھکانے تباہ، تصاویر سامنے آ گئی

یہ اصلاحات بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے جاری پروگرام کے ساتھ ہم آہنگ بتائی جا رہی ہیں، اور آئی ایم ایف نے بھی زور دیا ہے کہ اس تبدیلی کا بوجھ کم اور درمیانے آمدنی والے طبقات پر نہ پڑے۔

پاکستان پہلے ہی بجلی کے نرخوں میں ممکنہ تبدیلی کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے تاکہ معاشی بوجھ منصفانہ طریقے سے تقسیم ہو۔

اگر یہ نظام نافذ ہو گیا تو کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے بجلی اور گیس کے بلوں کا بوجھ کافی حد تک کم ہو سکتا ہے، اور صارفین کی زندگی میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔

Scroll to Top