ذرائع کے مطابق حکومتی وفد اور اپوزیشن لیڈرمحمود خان اچکزئی کے درمیان رواں ہفتے ملاقات کا امکان ہے، جس میں انتخابی اصلاحات اور دیگر اہم سیاسی امور پر بات چیت متوقع ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے حکومتی رابطوں سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کو بھی آگاہ کر رکھا ہے۔ ابتدائی بات چیت کے دوران قبل از وقت انتخابات کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کے مطابق موجودہ مرحلے میں حکومت اور اپوزیشن لیڈر کے رابطوں پر پاکستان پیپلزپارٹی کو ابھی تک اعتماد میں نہیں لیا گیا ہے، تاہم مستقبل میں ہونے والے رابطوں میں اپوزیشن لیڈر سیاسی اسیروں کی رہائی کا بھی مطالبہ پیش کر سکتے ہیں۔
یہ ملاقات سیاسی محاذ پر ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں ملک کی آئندہ سیاسی صورتحال پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔





