وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایات پر محکمہ سوشل ویلفیئر نے ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں صوبے بھر کے مختلف اضلاع میں 60 مقامات پر افطار دسترخوان قائم کر دیے، جہاں گزشتہ روز 15 ہزار سے زائد مستحق افراد کو مفت افطاری فراہم کی گئی۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق ان افطار دسترخوانوں کا مقصد ماہِ رمضان المبارک میں مستحق اور نادار افراد کو باعزت انداز میں افطاری کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ضلع صوابی سب سے زیادہ مستفید ہونے والا ضلع رہا، جہاں 4 افطار دسترخوانوں کے ذریعے 3 ہزار 490 افراد کو افطاری فراہم کی گئی۔ اسی طرح سوات میں 8 افطار دسترخوان قائم کیے گئے جہاں 3 ہزار 301 افراد نے افطاری حاصل کی
ڈیرہ اسماعیل خان میں افطار دسترخوان کے تحت ایک ہزار 584 افراد، پشاور میں 8 مقامات پر ایک ہزار 415 افراد جبکہ ہنگو میں 2 افطار دسترخوانوں کے ذریعے ایک ہزار 180 افراد کو افطاری فراہم کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ ماہِ رمضان کے دوران جاری رہے گا اور اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ ضرورت مند خاندانوں تک ریلیف پہنچانا ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے اس پروگرام کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شفافیت اور بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔





