پاک فضائیہ اور زمینی افواج کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں نے افغان طالبان رجیم کے دفاعی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افواج نے کابل میں واقع اہم فوجی آریانہ کمپلیکس، دبگئی چیک پوسٹ، پولیس ہیڈ کوارٹرز اور زاکر خیل پوسٹ کو نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اہم عسکری ٹھکانوں کی تباہی سے دشمن کی کمانڈ اینڈ کنٹرول صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی ہے، اور آریانہ کمپلیکس کی تباہی افغان طالبان کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوئی کیونکہ یہ مقام ان کی اہم فوجی سرگرمیوں کا مرکز تھا۔
اسی طرح زاکر خیل اور دبگئی جیسی اسٹریٹجک پوسٹوں کی تباہی نے سرحدی علاقوں میں ان کی نقل و حرکت کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے۔
پاک فوج کی درست اور بھرپور کارروائی کے بعد دشمن کے صفوں میں شدید مایوسی پھیل گئی ہے اور کئی مقامات پر اہلکار اپنی پوزیشنز چھوڑ کر محفوظ مقامات کی تلاش میں فرار ہو رہے ہیں۔
سیکیورٹی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنے والی ہر تنصیب اور ہر ٹھکانے کو اسی طرح نشانہ بنایا جاتا رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ترخوبی کیمپ پوسٹ اور فلیگ پوسٹ پر پاک فوج کا کنٹرول، متعدد خارجی ہلاک
حالیہ کارروائیاں واضح کرتی ہیں کہ پاک افواج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں اور دشمن کو اس کی دہلیز پر ناقابلِ تلافی نقصان پہنچانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
تمام سرحدی سیکٹرز میں پاکستان کی برتری واضح ہے اور جوان کسی بھی جوابی مہم جوئی کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔





