وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی سیکیورٹی پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا احسن اقبال، محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، احد چیمہ، عطا تارڑ اور علی پرویز ملک نے شرکت کی۔
اجلاس میں افغان طالبان کی جانب سے سرحد پر جاری جارحیت کے خلاف کی جانے والی جوابی کارروائی کا جائزہ لیا گیا اور فتنہ الخوارج کی سرکوبی کے لیے پاک فوج کی جاری موثر کارروائیوں کو سراہا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور وقار کی ہر قیمت پر حفاظت کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد ایران میں پیدا ہونے والی صورتحال، مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک میں حملوں کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں عالمی سیکیورٹی کے تناظر میں جامع خارجہ اور داخلہ پالیسی کی تشکیل کے عزم کو دوبارہ دہرایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت پاکستان اور عوام ایرانی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں،وزیر اعظم شہبازشریف
اعلامیے میں زور دیا گیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں، عوام اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا اور ملکی سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔





