شاہد جان
پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں کل سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور ایونٹ کی ٹرافی کی باضابطہ رونمائی کر دی گئی ہے۔
سی سی پی او پشاور میاں سعید اور مختلف ریجنل ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں شرکت کی ۔
پی سی بی سے جاری شیڈول کےمطابق 7 سے 18 مارچ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 23 میچز کھیلے جائیں گے جن میں ملک بھر کی 10 بہترین ریجنل ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
ان ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں گروپ اے میں لاہور وائٹس، پشاور، فیصل آباد، کراچی وائٹس اور بہاولپور شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن لاہور بلوز، سیالکوٹ، ملتان، ایبٹ آباد اور کراچی بلوز کے درمیان ٹائٹل کے لیے مقابلہ ہوگا۔
بارہ روزہ ٹورنامنٹ کے دوران روزانہ دو میچز منعقد ہوں گے جن میں پہلا مقابلہ شام سوا چار بجے جبکہ دوسرا میچ رات سوا نو بجے شروع ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز لاہور وائٹس کا مقابلہ پشاور سے ہوگا اور دوسرے میچ میں فیصل آباد کا سامنا کراچی وائٹس سے ہوگا۔
اس ایونٹ کی فاتح ٹیم کو پچاس لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ رنرز اپ ٹیم پچیس لاکھ روپے کی حقدار قرار پائے گی۔ ٹورنامنٹ میں لاہور بلوز کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔





