عمران خان اسٹیڈیم پشاورمیں پی ایس ایل اور انٹرنیشنل میچز کرائیں گے، وزیراعلی سہیل آفریدی

عمران خان اسٹیڈیم پشاورمیں پی ایس ایل اور انٹرنیشنل میچز کرائیں گے، وزیراعلی سہیل آفریدی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کے لیے یہ انتہائی خوشی کا مقام ہے کہ آج ایک بار پھر خیبر پختونخوا کی سرزمین پر کرکٹ بحال ہو چکی ہے۔

عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی 2026 کا باقاعدہ افتتاح ہو چکا ہے اور انشاءاللہ جلد اسی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے میچز سمیت انٹرنیشنل کرکٹ بھی بحال کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نےبتایا کہ وفاقی وزراء کے ساتھ میٹنگ میں صاف بتا دیا ہے کہ ہم عوام پر کسی قسم کی مہنگائی کا بوجھ نہیں ڈالنے دیں گے۔

انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کے وقت جب دنیا لاک ڈاؤن کی طرف جا رہی تھی تو عمران خان نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنائی، اس وقت پیٹرول 150 روپے تھا تو میڈیا پر مہنگائی کا واویلا مچایا گیا مگر آج پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے کا یکمشت اضافہ کر دیا گیا ہے لیکن وہ آواز نہیں آ رہی جو آنی چاہیے تھی۔

محمد سہیل آفریدی نے سوال اٹھایا کہ حکمران اپنے لیے 12، 12 ارب کے جہاز خریدیں، 5 ہزار ارب کی کرپشن کریں اور عوام کے خون پسینے کا پیسہ باہر لے جائیں تو پھر ضرورت پڑنے پر قربانی عوام سے کیوں مانگی جاتی ہے؟

انہوں نے واضح کیا کہ عوام کسی کے غلام نہیں، ہم ایسے کسی بھی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے جس کا بوجھ براہ راست عوام پر آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت پہلے ہی کفایت شعاری پر عمل پیرا ہے، ہم نے سرکاری خرچ پر باہر جانے اور نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی لگا رکھی ہے۔

وزیراعلی نےوفاقی حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت کفایت شعاری اپنا سکتی ہے تو وفاق بھی اپنی شاہ خرچیاں کم کرے۔
رمضان پیکج کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ آج تقریباً 2 لاکھ سے زائد افراد کو رمضان پیکج دے دیا گیا ہے جبکہ پیر تک یہ امداد 9 لاکھ سے زائد مستحقین تک پہنچ جائے گی۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ عوام پر کسی بھی قسم کا بوجھ برداشت نہیں کریں گے اور نہ ہی اس ناانصافی پر خاموش بیٹھیں گے۔

Scroll to Top