پاکستان ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی، وزیراعظم کا ہر کھلاڑی کے لیے 15 لاکھ روپے انعام کا اعلان

پاکستان ہاکی ٹیم مصر میں منعقدہ ورلڈ کپ کوالیفائر میں شاندار کارکردگی دکھانے اور آٹھ سال بعد عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی ہے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری کرن ڈار، منسٹری آف انٹر پروونشل کوآرڈینیشن اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اعلیٰ حکام نے کھلاڑیوں کو گلدستے پیش کیے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے بھی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب ہمارا اگلا ہدف پرو ہاکی لیگ اور ورلڈ کپ کی بھرپور تیاری کرنا ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا جا سکے۔

قومی ٹیم کی اس تاریخی کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے 15 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے ایک طویل عرصے کے بعد ورلڈ کپ میں جگہ بنائی ہے جو رواں برس 14 اگست سے بیلجیئم اور نیدر لینڈز میں شروع ہوگا۔

اس بڑے معرکے سے قبل قومی ٹیم کو پرو لیگ میں بیلجیئم، اسپین، بھارت اور انگلینڈ جیسی سخت حریف ٹیموں کا سامنا کرنا ہوگا جو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے انتہائی معاون ثابت ہوں گے۔

Scroll to Top