سمندری گزرگاہوں کا تحفظ: پاک بحریہ نے بحری تجارت کے تحفظ کے لیےآپریشن محافظ البحر شروع کر دیا

سمندری سیکیورٹی کے موجودہ حالات اور اہم بحری تجارتی گزرگاہوں کو درپیش ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر پاک بحریہ نے آپریشن محافظ البحرکا آغاز کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق اس آپریشن کا مقصد قومی جہاز رانی، بحری تجارت اور توانائی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ علاقائی سمندری سیکیورٹی کی صورتحال سے پوری طرح باخبر ہے اور سمندری مواصلاتی راستوںکو درپیش کثیر جہتی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے تجارتی جہازوں کو بحری اسکارٹ فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی محفوظ نقل و حمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی تقریباً 90 فیصد تجارت سمندر کے ذریعے ہوتی ہےجس کے پیشِ نظر ان راستوں کا تحفظ ملکی معیشت کے لیے ناگزیر ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق اس وقت پاک بحریہ کے جہاز دو تجارتی جہازوں کو اپنی حفاظت میں لے کر آ رہے ہیں جن میں سے ایک آج کراچی پہنچے گا۔

پاک بحریہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور علاقائی سمندری استحکام برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

Scroll to Top