پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور میں مچنی گیٹ کے قریب ڈھائی کروڑ روپے کی بینک ڈکیتی ناکام بنانے والے بہادر پولیس افسر بہار علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
پولیس کے مطابق اے ایس آئی بہار علی کو ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زیر علاج رہے، تاہم جانبر نہ ہو سکے اور دوران علاج دم توڑ گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مچنی گیٹ کے قریب واقع ایک بینک میں تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کی ڈکیتی کی کوشش کی گئی۔
اطلاع ملنے پر اے ایس آئی بہار علی اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور رقم لوٹ کر فرار ہونے والے ملزمان کو روک لیا۔
پولیس کے مطابق بہار علی نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا راستہ روکنے کی کوشش کی، جس پر ایک ملزم نے ان پر فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے وہ شدید زخمی ہو گئے، تاہم ان کی بروقت کارروائی کے باعث بڑی ڈکیتی ناکام بنا دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : نادرا اور بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق بڑی خبر سامنے آگئی
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اے ایس آئی بہار علی نے فرض کی ادائیگی کے دوران غیر معمولی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور محکمہ پولیس ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ پولیس اہلکار عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔





