شمالی وزیرستان میں پاک فوج اور قبائلی مشران کا امن و استحکام کے لیے تاریخی جرگہ

وزیرستان: شمالی وزیرستان کے علاقے دوسلی میں پاک فوج کے زیر انتظام قبائلی عمائدین اور مشران کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں طوری خیل، وضی خیل اور محسود قبائل کے نمائندے شریک ہوئے۔

جرگے کی صدارت جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل عادل افتخار نے کی اور انہوں نے شمالی وزیرستان میں امن و خوشحالی کے لیے قبائلی عمائدین اور مشران کے کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان مضبوط تعاون خطے میں استحکام کے لیے ضروری ہے۔

جرگے میں علاقے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور شرکاء کو خوارج کی جانب سے امن کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر قبائلی عمائدین نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون اور شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم دہرایا۔

یہ بھی پڑھیں : کابل میں زوردار دھماکوں کی آوازیں،پاک فضائیہ نے پل چرخی بریگیڈ ہیڈکوارٹر اڑا دیا

جرگے کے دوران عوامی نمائندوں اور فوجی حکام نے علاقے میں امن قائم رکھنے اور مقامی سطح پر تعاون بڑھانے کے لیے عملی اقدامات پر بات چیت کی۔

اختتام پر جرگے میں قومی یکجہتی اور سلامتی کی دعائیں پیش کی گئیں اور اس بات پر زور دیا گیا کہ پاک فوج اور قبائلی مشران مشترکہ عزم کے ساتھ علاقے میں استحکام اور امن قائم رکھنے کے لیے مسلسل کام کرتے رہیں گے۔

Scroll to Top