پاسپورٹ بنوانے والوں کے لیے اہم اطلاع جاری

حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ سرکلر کے مطابق اب پاسپورٹ دفاتر ہفتے میں چار دن کھلے رہیں گے۔ نئے شیڈول کے تحت دفاتر پیر سے جمعرات تک عوام کو خدمات فراہم کریں گے جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو دفاتر بند رہیں گے۔

حکام کے مطابق چوبیس گھنٹے کام کرنے والے علاقائی پاسپورٹ دفاتر معمول کے مطابق اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔ اسی طرح اسلام آباد کے آسان خدمت مرکز میں شفٹ سسٹم بھی پہلے کی طرح برقرار رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ نیا شیڈول ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : یونیورسٹی آف پشاور میں پاک فوج کے زیر اہتمام یوتھ ایمپاورمنٹ پروگرام کا انعقاد

دوسری جانب حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت دیگر شعبوں میں بھی مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس پالیسی کے تحت تعلیمی ادارے 16 سے 31 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سرکاری اور نجی دفاتر کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔

مزید برآں حکومتی اخراجات میں کمی لانے کے لیے سرکاری افسران کے لیے فراہم کیے جانے والے ایندھن میں بھی کمی کر دی گئی ہے تاکہ وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top