محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔
حکام کے مطابق ہفتہ کی شام کو مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے شمال مغربی حصے میں داخل ہوگا جس کے باعث بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 14 سے 16 مارچ کے دوران خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند حصوں میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے جبکہ اسی دوران اسلام آباد، راولپنڈی، وسطی اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ 17 مارچ کی رات کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس سے مزید بارشوں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ اس موسمی صورتحال کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کاشت کاروں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موجودہ موسمی حالات اور متوقع بارشوں کے پیش نظر اپنی فصلوں کی دیکھ بھال کے لیے ضروری اقدامات بروئے کار لائیں۔





