اسلام آباد میں رمضان المبارک کے دوران مفت افطار کے اہتمام کی روایت برقرار ہے، جہاں افراد اور غیر سرکاری تنظیمیں (این جی اوز) مل کر روزہ داروں کے لیے افطار کا اہتمام کر رہی ہیں۔
شہر کے مختلف مقامات پر دسترخوان اور لنگر خانے قائم کیے گئے ہیں، جن کی نشان دہی کے لیے مرکزی شاہراہوں پر بینرز اور پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں، تاکہ روزہ دار آسانی سے ان تک پہنچ سکیں۔
اس کارِ خیر میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی افراد، بالخصوص انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے شہری بھی بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن میں ایک بڑا فری افطار دسترخوان قائم کیا گیا ہے، جہاں مزدوروں اور دیہاڑی دار افراد کے لئے روزانہ افطار کا اہتمام کیا جائے گا۔
اس افطار دسترخوان کے منتظم نے بتایا کہ یہ “رمضان مہربان” کے نام سے گزشتہ نو سال سے جاری ہے اور اس کا واحد مقصد ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کارِ خیر کے لیے فنڈزاپنی مدد آپ کے تحت اکٹھے کیے جاتے ہیں اور مختلف فلاحی پروگرامز کے ذریعے مستحق افراد کی معاونت کی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک فرد کے لیے معیاری افطار فراہم کرنے پر تقریباً 250 روپے خرچ آتے ہیں، جس میں چکن قورمہ اور پھل شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس نیکی کے کام میں اپنا حصہ ڈالیں اور اگر کوئی مدد کرنا چاہے تو ان کی ٹیم سے ایکٹ کائنڈ نیس کے فیس بک پیج کے ذریعے رابطہ کر سکتا ہے۔
اس کے علاوہ مختلف فلاحی تنظیمیں بھی اسلام آباد کے مختلف علاقوں اور اسپتالوں کے قریب روزانہ افطار کا اہتمام کر رہی ہیں، تاکہ رمضان کے بابرکت مہینے میں ضرورت مند افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے۔