عید الفطر سے قبل پاکستان میں موبائل صارفین کو فائیو جی سروس فراہم کیے جانے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیلی کام آپریٹرز کو آئندہ ہفتے فائیو جی لائسنس جاری کیے جانے کی توقع ہے، جس کے بعد کمپنیاں سروس فوری طور پر لانچ کرنے کے قابل ہو جائیں گی۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی مکمل ہونے کے بعد لائسنس کے اجراء کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تینوں ٹیلی کام کمپنیاں فائیو جی سروس کے فوری آغاز کے لیے تیار ہیں اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد صارفین کو عید سے قبل جدید ترین انٹرنیٹ سروس مہیا کی جا سکتی ہے۔
لائسنس جاری کرنے سے قبل کمپنیوں کو 15 ملین ڈالر کی بینک گارنٹی جمع کروانی ہوگی۔ ایک کمپنی نے بینک گارنٹی جمع کروادی ہے جبکہ دو دیگر کمپنیوں کی جانب سے جلد جمع کروانے کی توقع ہے۔ پی ٹی اے کی جانب سے تینوں کمپنیوں کو بیک وقت لائسنس دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ عید سے قبل صارفین کو فائیو جی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
پی ٹی اے کے حکام نے بتایا کہ لائسنس اجراء کے موقع پر ہیڈ کوارٹر میں تقریب منعقد کرنے کا امکان ہے، جس میں سروس کی باقاعدہ لانچنگ کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائیو جی سروس کے آنے سے صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ، بہتر کالنگ اور جدید ڈیجیٹل تجربات حاصل ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام پاکستان میں موبائل ڈیٹا اور جدید کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے، اور ملک میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔





