وفاقی دارلحکومت میں دن میں رات کا سماں، طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اچانک موسم نے کروٹ بدل لی، شہر کے مختلف علاقوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ تیز اور موسلا دھار بارش شروع ہوگئی جس سے دن میں رات کا سماں پیدا ہوگیا۔

اسلام آباد شہر پر کالے بادل کھل کر برسے، ٹھنڈی ہواؤں اور بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔

اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں گرج چمک کے ساتھ بارش جاری ہے، جبکہ جڑواں شہر راولپنڈی اور لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آگئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے شہر میں جاری بارش کے پیش نظر تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری طور پر فیلڈ میں نکلنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیں اور نشیبی علاقوں اور نالوں کی خصوصی طور پر مانیٹرنگ کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں بارشوں اور برفباری پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کاالرٹ جاری

ڈی سی اسلام آباد نے ہدایت کی ہے کہ نکاسی آب کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے سینیٹیشن ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کیا جائے جبکہ شہر بھر میں بارش کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔

Scroll to Top