پشاور: شہر میں سمگل شدہ اور غیرقانونی سگریٹ کی فروخت میں ملوث تاجروں اور ڈیلرز کے ایک بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی مختلف ٹیموں نے کارروائی کے دوران شہر کے کم از کم 14 بڑے بازاروں کی نشاندہی کی ہے، جہاں سے غیر قانونی سگریٹ دیگر علاقوں میں سپلائی کیے جا رہے ہیں۔
تحقیقات کے دوران پیپل منڈی، سبزی منڈی سکندر پورہ اور کارخانو مارکیٹ سمیت متعدد اہم تجارتی مراکز میں اس غیرقانونی کاروبار کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک منظم انداز میں کام کر رہا ہے اور شہر کے مختلف حصوں میں سگریٹ کی ترسیل کو یقینی بناتا ہے۔
ذرائع کے مطابق عید سے قبل اور بعد میں اس نیٹ ورک کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیے جانے کا امکان ہے، جس میں گوداموں اور سپلائی چین کو نشانہ بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : چھوٹی عید کی بڑی خوشخبری: ہر شہری کو 5000 روپے کیش عیدی دینے کا اعلان
مزید یہ کہ اس کاروبار سے وابستہ بعض سرکاری اہلکاروں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، جن کے خلاف کارروائی متوقع ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی سگریٹ کی فروخت سے نہ صرف صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں بلکہ قومی خزانے کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔
اس حوالے سے سخت اقدامات کا عندیہ دیا گیا ہے تاکہ اس غیرقانونی سرگرمی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔





