شوال کا چانددیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس شروع

شوال کا چانددیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس شروع

شوال المکرم 1447ھ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں شروع ہو گیا ہے۔

اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزادکر رہے ہیں۔اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علما،محکمہ موسمیات کے ماہرین اور سپارکو کے نمائندے شریک ہیں۔

اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی شہادتوں کے جائزے کے بعد عیدالفطر کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کرے گی۔

دوسری جانب پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کی جانب سے چاند کی رویت کے حوالے سے نئی اور اہم سائنسی پیشگوئی سامنے آئی ہے

۔ سپارکو کے ڈویژنل ہیڈ آسٹروفزکس، غلام مصطفیٰ لغاری کے مطابق شوال کے نئے چاند کی پیدائش آج 19 مارچ کی صبح 6 بج کر 23 منٹ پر ہو چکی ہے، تاہم آج غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے 41 منٹ ہوگی۔

سائنسی ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانی آنکھ سے چاند دیکھنے کے لیے اس کی عمر کم از کم 22 سے 24 گھنٹے ہونا ضروری ہے، اس لیے آج رویت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

ماہرینِ فلکیات نے مزید وضاحت کی ہے کہ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان وقفہ بھی انتہائی کم ہے جو ساحلی علاقوں میں صرف 28 منٹ متوقع ہے جبکہ واضح رویت کے لیے یہ وقفہ کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں عید الفطر جمعہ کو ہوگی جبکہ افغانستان میں آج عید منائی جا رہی ہے۔ ملک بھر کی نظریں اب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے حتمی اعلان پر لگی ہوئی ہیں۔

Scroll to Top