خیبرپختونخوا میں 62 اساتذہ و افسران کے تبادلے، ترقیاں اور تعیناتیاں

اعجاز آفریدی
پشاور : حکومتِ خیبر پختونخوا کے محکمہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں بڑی سطح پر انتظامی اور تدریسی تبدیلیاں کرتے ہوئے 62 سینئر اساتذہ اور تعلیمی افسران کی ترقیاں، تبادلے اور نئی تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

محکمے کی جانب سے جاری باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 19 (BS-19) کے ایسوسی ایٹ پروفیسروں (میل کیڈر) کو گریڈ 20 (BS-20) میں بطور پروفیسر ترقی دی گئی ہے، جس کے بعد صوبے کے مختلف پوسٹ گریجویٹ اور ڈگری کالجوں میں ان کی باقاعدہ تعیناتیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

 حکومتی اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ان تمام تبادلوں اور تعیناتیوں کا اطلاق فوراً ہوگا اور ان کا مقصد صوبہ بھر کے کالجوں میں تدریسی اور انتظامی امور کو مزید بہتر بنانا ہے۔

نوٹیفکیشن کے تحت اہم ترین تعیناتیوں میں مسٹر جاوید اکبر کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کی خدمات سے تبدیل کر کے پروفیسر جی ڈی سی حیات آباد پشاور مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی لانگ مارچ چھوڑ کر سی ایم ہاؤس روانہ

اسی طرح ڈاکٹر سید اشتیاق حسین کو ایک روز کی تکنیکی یکجائی (Actualization) کے لیے بطور پروفیسر جی ڈی سی حیات آباد تعینات کر کے دوبارہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

 اس کے علاوہ ڈاکٹر جاوید اقبال (بی ایس 19) کو ان کی موجودہ پے سکیل پر پرنسپل جی ڈی سی کوہی شیر حیدر باڑہ خیبر کا چارج دیا گیا ہے۔

صوبے کے مختلف اضلاع جن میں پشاور، مردان، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، بنوں، خیبر، اور باجوڑ شامل ہیں، کے ڈگری و پوسٹ گریجویٹ کالجوں میں خالی پڑی پروفیسرز اور پرنسپلز کی اسامیوں پر ترقی پانے والے اساتذہ کو فوری طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے تا کہ تعلیمی حرج کو روکا جا سکے۔

Scroll to Top