پاک فوج کے شہداء جنہوں نے وطن کی مٹی کا قرض اپنے خون سے ادا کیا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
عیدالفطر جیسے خوشیوں بھرے تہوار کے موقع پر جہاں ملک بھر میں مسرت کی فضا قائم ہوتی ہے وہیں شہداء کی یادیں بھی تازہ ہو جاتی ہیں۔
ملتان سے تعلق رکھنے والے سپاہی سرمد سعید شہید کی قربانی بھی انہی لازوال داستانوں میں شامل ہے جنہوں نے گزشتہ سال پاک افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
شہید سرمد سعید کی جدائی کا غم اپنی جگہ مگر ان کی عظیم قربانی اہلِ خانہ کے لیے باعثِ فخر بن چکی ہے۔
عیدالفطر کے موقع پر شہید کے والدین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا نہایت بہادر تھا اور انہیں اس کی شہادت پر فخر ہے۔
شہید کی والدہ کے مطابق سرمد سعید نے سینے پر گولیاں کھاتے ہوئے بھی دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔
شہید کے والد کا کہنا تھا کہ اگر ملک کو ضرورت پڑی تو وہ اپنے ایک اور بیٹے کو بھی وطن کی حفاظت کے لیے پیش کرنے کو تیار ہیں، انہوں نے دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
سپاہی سرمد سعید شہید کے بھائی نے کہا کہ ان کے بھائی نے دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جان دی، اور یہ قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالفطر، ایل او سی پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کا قوم کے نام خصوصی پیغام
اہلِ خانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور وطنِ عزیز کا دفاع ہر قیمت پر ناقابلِ تسخیر رہے گا۔





