شدید بارش، ژالہ باری اور برفباری کی پیشگوئی، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

شدید بارش، ژالہ باری اور برفباری کی پیشگوئی، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 14 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

الرٹ کے مطابق پاکستان کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے، جبکہ چاروں صوبوں کے مختلف مقامات پر ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بلوچستان کے اضلاع تربت، کیچ، گوادر، خضدار، ژوب اور لسبیلہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا شدید خطرہ ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے شہروں ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، پاراچنار، پشاور، مردان اور صوابی میں بھی ممکنہ سیلاب کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت راولپنڈی، اٹک اور چکوال کے شہری و نشیبی علاقوں میں تیز بارش کے باعث پانی جمع ہونے اور سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس سے روزمرہ زندگی متاثر ہو سکتی ہے۔

اتھارٹی کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری بھی متوقع ہے جس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں، گاڑیاں احتیاط سے چلائیں ۔

Scroll to Top