قاسم خان کا یورپی یونین سے پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم کرنے کا مطالبہ، شدید ردعمل سامنے آ گیا

قاسم خان کا یورپی یونین سے پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم کرنے کا مطالبہ، شدید ردعمل سامنے آ گیا

قاسم خان، جو کہ عمران خان کے بیٹے ہیں، نےیورپین یونین سے پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جس کے بعد سیاسی اور عوامی حلقوں میں شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق قاسم خان نے یہ مطالبہ بلوچ نیشنل موومنٹ کے رہنما نسیم بلوچ کے ساتھ مل کر کیا۔ ان کا مؤقف ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے باعث یورپی یونین کو یہ خصوصی تجارتی درجہ واپس لے لینا چاہیے۔

قاسم خان نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد عمران خان جیل میں ہیں، جسے انہوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی مثال قرار دیا۔

تاہم اس مطالبے پر ملک کے سیاسی و عوامی حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں اسے قومی مفادات کے خلاف قرار دیا جا رہا ہے۔ اس طرح کے بیانات پاکستان کی معیشت اور عالمی ساکھ کو متاثر کر سکتے ہیں۔

ماہرین معاشیات کے مطابق جی ایس پی پلس اسٹیٹس پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے، کیونکہ اس کے تحت پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک خصوصی اور کم ڈیوٹی پر رسائی حاصل ہوتی ہے۔ اگر یہ سہولت ختم ہو گئی تو خاص طور پر ٹیکسٹائل برآمدات شدید متاثر ہوں گی، جس سے تجارتی خسارہ بڑھنے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا خدشہ ہے۔

مزید برآں، ٹیکسٹائل سیکٹر میں ممکنہ بحران سے لاکھوں افراد کے روزگار پر بھی منفی اثر پڑ سکتا ہے، کیونکہ یہ شعبہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ذاتی یا سیاسی بنیادوں پر اس نوعیت کی مہمات نہ صرف معاشی نقصان کا باعث بن سکتی ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔

Scroll to Top