الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی جنرل نشست پر منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کو نااہل قرار دیتے ہوئے ان کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے اس حکم کی روشنی میں کیا گیا ہے جس میں مراد سعید کو دس سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مراد سعید کے خلاف تھانہ آر اے بازار راولپنڈی میں درج مقدمہ نمبر 708/23 کی سماعت کے بعد عدالت نے 7 مارچ 2026 کو اپنا فیصلہ سنایا تھا۔ عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے 25 مارچ کو ہونے والے اپنے حالیہ اجلاس میں آئینِ پاکستان کی دفعہ 63 (1) (h) کے تحت کارروائی کرتے ہوئے انہیں نااہل قرار دینے کی منظوری دی ہے۔
واضح رہے کہ مراد سعید کو گزشتہ برس 24 جولائی 2025 کو الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے ذریعے سینیٹ کی نشست پر کامیاب قرار دیا گیا تھا۔





