خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ٹل بلاک کے مقام پر گیس کا ایک بڑا ذخیرہ دریافت ہوا ہے جس سے یومیہ 2 کروڑ 65 لاکھ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہوگی۔
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے اس اہم پیشرفت سے متعلق اسٹاک ایکسچینج کو باقاعدہ آگاہ کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے ایک قابل ذکر کامیابی قرار دیا ہے۔ اس منصوبے میں او جی ڈی سی ایل کے ساتھ پی پی ایل، پی او ایل، ایم او ایل اور جی ایچ پی ایل بھی بطور حصہ دار شامل ہیں۔
اس نئی دریافت سے ٹل بلاک میں موجود دیگر کنوؤں سے بھی مثبت نتائج ملنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں جس سے نہ صرف ملک کی انرجی سیکیورٹی مستحکم ہوگی بلکہ گیس کی طلب اور رسد میں بڑھتے ہوئے فرق کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔





