پی ٹی آئی کے کارکنان کو جمع ہونے کی ہدایت، علیمہ خان میدان میں آ گئیں

راولپنڈی: بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اعلان کیا ہے کہ اگلے ہفتے 10 ہزار پی ٹی آئی عہدیداروں اور کارکنان کو اڈیالہ جیل پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے دباؤ بڑھایا جا سکے۔

اڈیالہ جیل کے قریب صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے ہزاروں عہدیدار اور کارکنان جیل کے باہر جمع ہو کر بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ اقدام حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال یہ کال صرف پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کے لیے دی گئی ہے اور موجودہ صورتحال میں حکومت پر دباؤ ڈالنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر علاج کی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔

عدلیہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ججز پر بھی دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے تاکہ کیسز کی جلد سماعت ممکن ہو سکے۔

ان کے مطابق پی ٹی آئی کے دباؤ بڑھانے سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے مقدمات کو سنا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں ضمانت کی درخواستیں سننے کے بجائے اپیلوں کی بات کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ڈیرہ اسماعیل خان: تحصیل پروآ میں فائرنگ کاواقعہ، 6 افراد جاں بحق اور 3 زخمی

علیمہ خان نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ڈیل سے متعلق خبریں خود پھیلا رہی ہے، جبکہ پارٹی قیادت کسی قسم کی خفیہ ملاقاتوں یا مفاہمت پر یقین نہیں رکھتی۔

انہوں نے واضح کیا کہ بات چیت کے لیے بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو ذمہ داریاں سونپی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے اور اس حوالے سے تیاریاں جاری ہیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا اور اسی مقصد کے لیے پارٹی عہدیداروں کو متحرک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کارکنان کو پیغام دیا کہ جو اس جدوجہد کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے، وہ خود کو الگ کر لیں۔

Scroll to Top