اسلام آباد: سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ قومی یکجہتی کے قیام کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں۔
یہ بات انہوں نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ہونے والی اہم اور تفصیلی ملاقات کے دوران کہی، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت پارلیمنٹ کے مؤثر کردار کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے قومی یکجہتی، جمہوری استحکام اور سیاسی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی قیادت کے درمیان مشاورت اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
اس موقع پر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ قومی مفاد میں مشترکہ حکمت عملی اپنانا اور سیاسی روابط کو مزید مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں پر زور دیا کہ وہ قومی یکجہتی کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی رہائی مہم تیز، کتنے نوجوان رجسٹرڈ؟ شفیع جان نے بتا دیا
انہوں نے خطے کی کشیدہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں پاکستان اپنا فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے اسپیکر قومی اسمبلی کے پارلیمانی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پارلیمنٹ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے زور دیا کہ خطے کی صورتحال کے پیش نظر اہم فیصلوں میں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سیاسی قیادت باہمی مشاورت اور اتحاد کے ذریعے ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرے گی اور پارلیمنٹ کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے گا۔





