خیبر پختونخوا میں اسکولوں کے اوقات اور تربیتی نظام میں اہم تبدیلیاں

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کے لیے نئے اوقاتِ کار کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اسکول صبح 7:30 بجے سے دوپہر 1:35 بجے تک کھلے رہیں گے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ٹائم ٹیبل کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، جبکہ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پرائمری اسکولوں کے اوقاتِ کار بھی صبح 7:30 بجے سے دوپہر 1:35 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ طلبہ کی اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

صوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے ہدایت جاری کی ہے کہ اسکول اسمبلیوں میں اخلاقی تربیت، تقاریر اور عملی سرگرمیوں کو لازمی حصہ بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ بننے سے پہلے سہیل آفریدی واسکٹ بیچتے تھے، جلد دوبارہ دکان پر جائیں گے، شیر افضل مروت

اس مقصد کے تحت ہفتے میں تین دن طلبہ اخلاقی موضوعات پر تقاریر کریں گے جبکہ باقی تین دن اصلاحی اسکیٹس اور ڈراموں کے ذریعے تربیت دی جائے گی۔

حکومت نے ہر ہفتے کے آخری ورکنگ ڈے پر “بزمِ ادب” کے انعقاد کو بھی لازمی قرار دیا ہے۔ اس نشست کے بعد دن کے آخری تین پیریڈز اساتذہ کی میٹنگز اور رجسٹرز کی تکمیل کے لیے مخصوص ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ جن اسکولوں میں اساتذہ کی کمی ہوگی یا کوئی استاد طویل رخصت پر ہوگا، وہاں اسکول سربراہان اور سبجیکٹ اسپیشلسٹ خود کلاسز لینے کے پابند ہوں گے۔

Scroll to Top