خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں رات بھر وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث موسم سرد ہو گیا اور سڑکوں و نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔
مسلسل بارش کے باعث کئی شہروں میں بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا، متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جبکہ پشاور، مردان، صوابی اور سوات کے شہری علاقوں میں رات سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض مقامات پر مزید موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کراچی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ نہیں، تاہم شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں جمع پانی اور بجلی کے نظام پر اثرات سے شہری زندگی متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے شہریوں کو سفر اور حفاظتی اقدامات میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔





